I
اسلام آباد(ایجنسیاں)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے عام انتخابات کیلئے42.528 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظورکرلی ‘ الیکشن کمیشن کو ابتدائی طور پر 10 ارب روپے جاری کیے جائیں گے ‘ .ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کیلئے فنڈز کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی‘ ادھر پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کے لئے قائم خصوصی کمیٹی نے مجوزہ ترامیم کوحتمی شکل دیدی ہے جس کی منظوری قومی اسمبلی اور سینیٹ سے لی جائے گی۔
مجوزہ ترامیم کے مطابق حلقہ بندیاں رجسٹرڈ ووٹرز کی مساوی تعداد کی بنیاد پر کی جائیں گی جبکہ اوورسیزپاکستانیوں کے لئے ووٹنگ کی سہولت کا مینڈیٹ الیکشن کمیشن کو تفویض کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔متن کے مطابق حلقہ بندیوں کیخلاف شکایت 30روزمیں کی جاسکے گی، حلقہ بندیوں کا عمل انتخابی شیڈول کے اعلان کے 4ماہ قبل مکمل ہوگا۔پولنگ عملہ انتخابات کے دوران اپنی تحصیل میں ڈیوٹی نہیں دے گا، پولنگ اسٹیشن میں کیمروں کی تنصیب میں ووٹ کی رازداری یقینی بنائی جائے گی۔
کاعذات نامزدگی مسترد یا واپس لینے پر امیدوار کو فیس واپس کی جائے گی، امیدوار ٹھوس وجوہات پر پولنگ اسٹیشن کے قیام پراعتراض کرسکے گا۔ حتمی نتائج کے3روزمیں سیاسی جماعتیں حتمی ترجیحی فہرست فراہم کریں گی۔علاوہ ازیں جمعرات کو وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔