I
کون کہتا ہے کہ اگر ڈائٹنگ کرنی ہے تو ہمیں صرف بد ذائقہ یا کم لذت والے غذائی اجزا استعمال کرنے ہوں گے۔ ایسا ضروری نہیں اگر آپ وزن کم کرنے کے ساتھ اپنی زبان کا ذائقہ بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو اپنی روز مرہ کی غذا میں کشمش کو شامل کرلیں۔کشمش بنیادی طور پر انگور کو خشک کرکے تیار کی جاتی ہے اور اسے خشک میوہ جات کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ انگور کے تمام غذائی اجزا اس میں بھی شامل ہوتے ہیں جیسے وٹامنز، منرلز، اینٹی آکسیڈنٹس، کیلوریز، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، وٹامن سی، میگنیشیم، فاسفورس اور سوڈیم وغیرہ وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔کشمش کے استعمال کے اتنے فائدے ہیں کہ اسے اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کرنا ناگزیز ہوجاتا ہے اور اسے روزمرہ کی غذا میں شامل کرنے کا سب سے آسان طریقہ کشمش کے پانی کا استعمال ہے، جو وزن تیزی سے کم کرتا ہے اور نظام ہاضمہ کو بھی بہتر بناتا ہے۔
15 سے 30 کشمش کے دانے لیں اور اسے اچھی طرح دھو کر 2 کپ تیز گرم پانی میں رات بھر کے لئے بھگو دیں۔ صبح اٹھ کر اس پانی کو چھان لیں اور ایک بار پھر گرم کریں۔ اس میں لیموں کے چند قطرے اور حسب ضرورت شہد شامل کریں۔ اس پانی کو نہار منہ پی لیں۔ کشمش کے دانے اچھی طرح چبا کر کھا لیں، اس طرح نہار منہ بھیگی ہوئی کشمش کھانے سے وہ فوری جسم میں جذب ہوجاتی ہے اور اس کے فائدے بھی دوچند ہوجاتے ہیں۔