I
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اسلامی اسکالر مولانا طارق جمیل نے مہنگی بجلی کے اضافی بلوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظلم تو ہے لیکن چیزوں کے بھاؤ بڑھ جانا اللہ کی طرف سے ناراضگی ہے۔حال ہی میں مولانا طارق جمیل نے یوٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی، دوران گفتگو یوٹیوبر نے دعویٰ کیا کہ مولانا صاحب نے ان کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اپنا یوٹیوب چینل بنایا اور اب انہیں ڈائمنڈ بٹن ملنے والا ہے۔اسلامک اسکالر نے دوران شو انکشاف کیا کہ بالی ووڈ فلم اسٹار سلمان خان سمیت ان کی بہنیں اپنے گھر میں باقاعدگی سے ان کے بیان سنتے ہیں۔انہوں نے اپنے دوست کا ایک قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں ہمارے ایک دوست نے مجھے بتایا کہ سلمان خان میری تقریریں سنتے ہیں، دراصل میرے دوست کا بھارت میں کاروبار ہے اور اس نے مجھے بتایا کہ ممبئی میں اپنے پارٹنر کے گھر قیام کے دوران ان کا سلمان خان سے اپنے پارٹنر کے ذریعے تعارف ہوا۔جب سلمان خان کو معلوم ہوا کے ہمارے دوست کا تعلق پاکستان سے ہے تو اس نے حیران ہوکر پوچھا کہ کیا آپ مولانا طارق جمیل کو جانتے ہیں؟ میرے دوست نے سوال کیا کہ آپ انہیں کیسے جانتے ہیں؟، ان کے سوال کے جواب میں سلمان خان نے انہیں میری تقریروں کی سی ڈیز دکھائیں۔مولانا طارق جمیل نے بتایا کہ بھارتی سابقہ اداکارہ ثنا خان نے ان سے اجازت لے کر اپنے بیٹے کا نام ان کے نام پر رکھا، کیونکہ وہ سابقہ اداکارہ کی توبہ اور ان کے موجودہ شوہر انس سے ملاقات کا ذریعہ بنے تھے۔