I
23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔حافظ عثمان کی تلاوت سے شروع ہونے والی اس تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام سفیر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا پیغام منسٹر اکنامک عمر نے شرکاء کو پڑھ کر سنایا۔ایک نئی روایت کے طور پر پہلی مرتبہ پاکستانی وزیر خارجہ کا پیغام بھی پڑھا گیا جسے ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن کے برسلز میں تعینات مستقل مندوب اسد رضوی نے پیش کیا۔
اپنے ان پیغامات میں پاکستانی رہنماؤں نے بانیان پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کی بھرپور سفارتی اور اخلاقی جدوجہد کی واضح حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔اپنے انہی پیغامات میں حکومتی رہنماؤں نے اوورسیز پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ایک عظیم وطن کی حیثیت سے پاکستان موجودہ صورتحال سے جلد نکل جائے گا۔ان رہنماؤں نے اس کے ساتھ ہی اوورسیز کو دعوت دی کہ وہ اس جدوجہد میں اتحاد اور اتفاق کا بھرپور مظاہرہ کریں۔تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سفارتی کور کے افسر محمد عدیل نے انجام دیے۔