I
جاپان نے غزہ کے شہریوں کے لیے 10 ملین ڈالرز امداد دینے کا اعلان کر دیا۔جاپان کی وزیرِ خارجہ یوکو کامیکاوا کا کہنا ہے کہ غزہ کے شہریوں کی مدد کے لیے 10 ملین ڈالرز امداد فراہم کریں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ تشویش کے ساتھ غزہ کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جاپان توقع کرتا ہے کہ صورت حال جلد سے جلد پُرسکون ہو جائے گی۔یوکو کامیکاوا نے مزید کہا ہے کہ وہ اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے لیے حتمی تیاری بھی کر رہی ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان نے بھی غزہ میں انسانی بنیادوں پر امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق غزہ میں انسانی المیے کے پیش نظر فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مصری حکومت، ہلال احمر اور اقوام متحدہ کی متعلقہ ایجنسیوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار 900 ہوگئی ہے۔فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں میں 856 بچے شامل ہیں۔