I
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کو ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے۔کور کمانڈرز کو اندرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، فورم نے دہشت گردی کےخلاف عظیم قربانیاں دینےوالے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔عساکر پاکستان نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشتگرد گروپوں سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہے۔ پڑوسی ملک میں ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر گروہوں کی پناہ گاہوں کو نوٹ کیا گیا ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ دہشتگردوں کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو نوٹ کیا گیا، دہشتگردوں کے پاس جدید ترین ہتھیار پاکستان کی سلامتی متاثر کرنے کی بڑی وجوہات ہیں۔فورم کو اقتصادی بحالی منصوبے، سرمایہ کاری، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
کور کمانڈرز کو معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔شرکاء نے معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کو ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔