I
برطانوی شاہی خاندان پر بنائی گئی نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ کی شوٹنگ کے لیے استعمال ہونے والا سامان نیلامی کے لیے پیش کردیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم کے کورونیشن گاؤن کی کاپی سے لے کر شاہی بگی کی کاپی تک، ایوارڈ یافتہ سیریز ’دی کراؤن‘ کے ملبوسات، پروڈکشن کے لیے استعمال ہونے والا سارا سامان اور سیٹ اس ہفتے لندن میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے دورِ حکومت پر مرکوز اس نیٹ فلکس سیریز کے 450 سے زیادہ آئٹمز 7 فروری کو ہونے والے’دی کراؤن آکشن‘ سے قبل بونمس میں عوامی نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے۔نمائش میں موجود اشیاء میں سیریز کے مرکزی کرداروں کے پہنے ہوئے ملبوسات بھی شامل ہیں۔سیریز میں استعمال کی گئی ملکہ الزبتھ دوم کے کورونیشن گاؤن کی کاپی کی نیلامی کے لیے 20,000 سے 30,000 پاؤنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ شہزادی ڈیانا کے ’ریونج ڈریس‘ کے نام سے مشہور سیاہ رنگ کی فراک کی کاپی کی نیلامی کے لیے 8,000 سے 12,000 پاؤنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔گولڈ اسٹیٹ کاؤچ یعنی شاہی بگی کی کاپی کی نیلامی کے لیے 30,000 سے 50,000 پاؤنڈز جبکہ کورونیشن چیئر کی کاپی کی نیلامی کے لیے 10,000 سے 20,000 پاؤنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اس سیریز کے لیے بنائے گئے بکنگھم پیلس کے لوہے کے دروازے کی نیلامی کے لیے 6,000 سے 8,000 پاؤنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔یاد رہے کہ یہ مشہور نیٹ فلکس سیریز جس نے اپنے کئی افسانوی مکالموں کی وجہ سے تنازعات کو جنم دیا، گزشتہ ماہ اختتام کو پہنچی تھی۔