I
حج انتظامات کے سلسلے میں حکومتِ سعودی عرب کے دلی شکرگذار ہیں
: وزیر مذہبی امور انیق احمدوزیر مذہبی امور انیق احمد کی سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد الحارثی سے ملاقات
(اسلام آباد: 4 اکتوبر، 2023 ) حج انتظامات کے سلسلے میں حکومتِ سعودی عرب کے دلی شکرگذار ہیں۔ یہ بات وزیر مذہبی امور انیق احمد نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد الحارثی سے ملاقات کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور دونوں رہنماؤں سے ملاقات کے دوران آئندہ حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ میرا حالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا۔ امسال پاکستانی حجاج کو پہلے سے بہتر سہولتیں فراہم کریں گے۔ الحمد للہ کراچی کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اب کراچی سے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کی سعودی ایمیگریشن اور کسٹم پاکستان میں ہی ممکن ہو سکےگا اور سعودی عرب پہنچنے پر عازمین کو مختصر وقت میں انکی رہائش گاہوں کی جانب روانہ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مجوزہ سیرۃ میوزیم کا قیام ایک انقلابی قدم ہو گا۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبد الکریم العیسی 15 نومبر کو سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ رابطہ عالم اسلامی انتہائی متحرک اور فعال کردار ادار کر رہی ہے۔ سعودی سفیر عزت مآب نواف سعید المالکی نے کہا کہ آنے والے حج کے دوران حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ دنیا بھر سے صرف سات ممالک کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیاہے اور پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر رابطہ عالم اسلامی سعد الحارثی نے بتایا کہ سیرت میوزیم اسلام آباد میں 8 ہزار سکوائر میٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا ۔ اگلے ماہ اس کے سنگ بنیاد اور بروقت تعمیر کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ##hajj