I
سابق وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے پر کہنا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا سبب سرینجز کا دوبارہ استعمال ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ آلودہ خون کی منتقلی بھی ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا بڑا سبب ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی آلودہ خون سے پھیلنے والی بیماریاں ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہے۔اُنہوں نے بتایا ہے کہ پاکستان میں سالانہ ڈیڑھ ارب سے زائد انجکشن لگائے جاتے ہیں اور اوسطاً ہر شخص کو 6 سے زائد انجکشن سالانہ لگائے جاتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ پاکستان میں تمام آبادی کو ٹیسٹ اور ٹریٹ کر کے ہیپاٹائٹس سی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے بتایا ہے کہ خون کا عطیہ دینے سے ہیپاٹائٹس بی اور سی کا ٹیسٹ مفت ہو جاتا ہے۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہیپاٹائٹس اے اور ای آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریاں ہیں۔