I
اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)سپریم کورٹ میں مقدمے جلد نمٹانے کا آغاز ہوگیا ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دوسرے روز 5میں سے 3کیس نمٹادیئے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے معمول کے کیس سننااور لوگوں کو ریلیف دینا شروع کردیا ہے منگل کوسپریم کورٹ نے سروس میٹرمیں پاکستان پوسٹ کی درخواست خارج کردی۔قتل کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پرنمٹا دی،سی ڈی اے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے کیس میں ملزم کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظورکرلی، دوسری طرف چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی ٰنے سپریم کورٹ میں بنچوں کی تشکیل اور زیر التوا ء مقدمات کی جلد سماعت کے لئے لائحہ عمل وضع کر نے کے لیے آج 3 بجے اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔