I
اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)سپریم کورٹ میں 90دن میں انتخابات کرانے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست اعتراضات کے بعد واپس کردی گئی، بغاوت کیس میں فواد چوہدری پر فرد جرم27ستمبر کوعائد ہوگی۔ ذرائع کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے دائر پی ٹی آئی کی 90 دن میں الیکشن کرانے کی درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کردی۔ اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے سپریم کورٹ آنے سے قبل کسی متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، صدر مملکت کو آرٹیکل 248 کے مطابق درخواست میں فریق نہیں بنایا جاسکتا، درخواست میں نہیں بتایا گیا کہ درخواست گزار کا کونسا بنیادی حق متاثر ہوا۔ اس کے علاوہ درخواست میں آرٹیکل 184/3 کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر سرکاری ملازمین کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے 27 ستمبر مقرر کر دی۔