I
مسلم لیگ ن کے سینئر صدر اور چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک نے سرپرست اعلی مسلم لیگ ن فرانس طلعت محمود چوہان کی قیادت میں تین رکنی وفد جو کہ راجہ محمد علی جوائنٹ سیکرٹری اور خان اصغر خان صدر یوتھ ونگ پر مشتمل تھا انکو راچڈیل میں خوش آمدید کہا اور پاکستان مسلم لیگ ن کی کامیابی پر قائد مسلم لیگ ن محترم میاں نواز شریف صاحب ، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف صاحب ، اور وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ کو مبارک بادپیش کی ۔بیرسٹر امجد ملک نے میاں شہباز شریف کی حکومت بننے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ سیاسی استحکام میں ہی ملکی ترقی کا راز پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی اقتصادی ترقی انکی جماعت کی حکومت میں اہم ترجیح ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درج زیل اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،
ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز، پبلک سیکٹر ہاوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھییجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت،
اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ایماء پر حکومت سے استدعا کی کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی برطانیہ، یورپ اور امریکہ سمیت بیرون ملک پروازیں بحال کرنا ترجیح ہونی چاہیے۔ تارکین وطن براہ راست پروازوں کی عدم دستیابی، طویل سفر اور درمیانی راستے کے سٹاپ اوورز کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فون ٹیکس اور اوورسیز کمیشن اور ایڈوائزری کونسل بنانے پر بھی جلد کام ہوگا۔طلعت محمود چوہان سرپرست اعلی مسلم لیگ ن فرانس نے کہا کہ اگلا دور پاکستان کی ترقی کا دورہے تجارت کو فروغ دیکر مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے۔ ہم انٹرنیشنل افئیرز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تارکین وطن کی نمائیندگی موثر انداز میں کی ہے۔راجہ محمد علی جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ ن فرانس نے کہا کہ ہم اپنی حکومت کیساتھ ہیں اور الیکشن میں بھرپور ساتھ دیکر واپس آئے ہیں ۔ راجہ اخلاص کی گوجر خان میں کمپئین میں پورا ساتھ دیا ہے۔ اوورسیز آنے والے وقت میں اپنی ملک کیلئے خدمات دگنی کردیں گے۔خان اصغر خان صدر یوتھ ونگ مسلم لیگ ن فرانس نے کہا ہے کہ یوتھ ونگ مریم نواز شریف کا ہر اوّل دستہ ہے اور ہم ہر جگہ ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔ ہمیں خوشی ہے کہ نوجوان قیادت آگے آرہی ہے۔بیرسٹر امجد ملک نے مسلم لیگ ن فرانس کی خدمات کو سراہااور تجارتی ونگ ، خواتین اور سوشل میڈیا کی طاقت کی اہمیت کو سمجھے اور جاننے پر زور دیا اور مستقبل کی تنظیم سازی میں تمام لوگوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔بیرسٹر امجد ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیااور پرتکلف ظہرانے سے انکی تواضع کی اور ایڈوکیٹ محمد فہیم سجاد نے دعائے خیر کروائی اور مبین جاوید نے بیرسٹر امجد ملک کیساتھ ملک کر انتظامات کو حتمی شکل دی۔ آخر میں بیرسٹر امجد ملک نے بیرون ملک سے آئے مہمانوں کو تحائف اور شیلڈ دیکر رخصت کیا۔