I
لاہور (پ ر) 18نومبر:-پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے 2016-18ء کے دور میں پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کے سابق وائس چیئرمین اور نان آفیشل ممبران کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیئرپرسن پنجاب او پی سی بیرسٹر امجد ملک تھے جبکہ کمشنر مرزا نصیر عنایت،ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید، ڈائریکٹر پولیس میٹرز،ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے خصوصی شرکت کی، کمشنر پنجاب او پی سی مرزا نصیر عنایت نے سابق وائس چیئرمینوں اور ممبران کو پنجاب او پی سی میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی پنجاب بھر میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کے نئے وائس چیئرمین اور ممبران کی تقرری عمل میں لائی جائیگی تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے زیر التواء مسائل کو جلد حل کیا جا سکے، سابق وائس چیئرمینوں اور ممبران نے اپنے ادوار کے تجربات، شکایات کے حل کے حوالہ سے وضع کردہ میکانزم اور دیگر اہم امور بارے اظہار خیال کیا اور اپنی قیمتی تجاویز اور آراء بھی پیش کیں،وائس چیئرپرسن پنجاب او پی سی بیرسٹر امجد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین اور ممبران ہمارے معاونین کا درجہ رکھتے ہیں جن کے عملی تجربات اور اپروچ سے مستفیض ہو کر اوورسیز پاکستانیوں کی جملہ شکایات اور مسائل کو حل کیا جائے گا، انھوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا بیش قیمت اثاثہ ہیں جن کو مشاورتی عمل/ایڈوائزری کمیٹیوں میں شامل کرکے پنجاب او پی سی کو پھر سے فعال کیا جائیگا، بعد ازاں وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک نے سابق وائس چیئرمینوں اور ممبران میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیئے،