I
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میرا لیڈر صرف نواز شریف ہے، شہباز شریف اور مریم نواز نہیں ہیں۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ میں شامل ہوں، بتا دیا ہے ان حالات میں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدم اعتماد کے بعد ہمیں حکومت نہیں بنانی چاہیے تھی، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اقتدار دیکھ چکی ہیں۔نئی جماعت بنانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی جماعت کی جگہ موجود ہے لیکن وہ بعد کی بات ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں ٹروتھ کمیشن کا قائل ہوں، اگر کبھی بنا تو سب سے پہلے میں خود پیش ہوجاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی تاریخ کو مسخ کر دیا ہے، ہمیں اقتدار کی جنگ اور کرسیوں کی لالچ سے پیچھے ہٹنا پڑےگا۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ حلقے کے لوگ فیصلہ کریں گے کہ استقبال کیلئےجانا ہے یا نہیں، پارٹی کی ذمہ داری تھی کہ نواز شریف سے جو ناانصافی ہوئی اسے درست کرتی۔