I
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اس ملک کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں، آپ کا ساتھ رہا تو نواز شریف کے ساتھ مل کر اس ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جو شخص21 اکتوبر کو واپس آ رہا ہے، اس نے اقتدار سے زیادہ مشکلات کے دن دیکھے ہیں، نواز شریف کے ساتھ اتنا ظلم کیا گیا کہ 4 سال بعد اسے اقتدار سے نکال دیا۔انہوں نے کہا کہ 2017ء میں نواز شریف کو نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان کا یہ حال نہ ہوتا، اقاما جیسے مذاق پر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا تو بجلی مہنگی نہ ہوتی، شیر کو نہیں ہرایا جا سکتا، شیر کو ہرانے اور مٹانے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ چار سال ایسے جوکروں کی حکومت تھی، جس میں زیادہ گالی دینے والوں کو وزارتیں ملتی تھیں، کل ہم پر برا وقت تھا، انہوں نے دن رات گالم گلوچ کی، ہم پر الزام لگائے، ہم ایسا نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آج کوئی ایسا طبقہ نہیں جس کے گھر میں مشکلات نہیں، نواز شریف کو اقتدار سے نہیں بلکہ آپ کی زندگیوں سے خوشیوں کو نکالا گیا۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ قوم نواز شریف کا راستہ اس لیے دیکھ رہی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ملک کو ٹھیک کرکے دکھاتا ہے، ن لیگی قائد اس دھرتی کا بیٹا ہے، اسے کسی نےفارن فنڈنگ کے ذریعے لانچ نہیں کیا، یہ ملک، دھرتی، مٹی ہماری ہے، ہم نے ہی اسے ٹھیک کرنا ہے اور ٹھیک کرکے دکھائیں گے، میرا اور نواز شریف کا جینا مرنا آپ کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے کلو اور آٹا 35 روپے کلو ہی رہا، ڈالر کو 99 روپے سے 105 روپے تک محدود رکھا، لوڈ شیڈنگ بھی نواز شریف کے دور میں ہی ختم ہوئی۔مریم نواز نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ جس کا ٹھیکیدار آج کوئی اور بنا ہے وہ پروگرام نواز شریف نے بنایا تھا، جو ہیلتھ کارڈر بنانے کا دعویٰ کرتے ہیں انہوں نے غریب سے مفت دوائیاں چھین لیں۔