I
پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے 8 فروری کو الیکشن کرانے کا مطالبہ کر دیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ 8 فروری کو الیکشن ہونے چاہئیں، تمام پولیٹیکل پارٹیز کے تحفظات دور ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ خود کو ملک کی بڑی پارٹی کہلوانے والی جماعت الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے؟ اگر کوئی پارٹی اتنی بڑی ہے تو پھر الیکشن میں 2 ماہ کی تاخیر کی بات کیوں کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگوں میں بھی الیکشن ہوتے ہیں، ہر الیکشن میں حالات کوئی اچھے نہیں رہے لیکن الیکشن ہوئے، الیکشن 8 فروری سے آگے نہیں جانا چاہئیں، پیپلز پارٹی نے الیکشن میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگانے کے حوالے سے بات کو مسترد کر دیا، اگر سوشل میڈیا پر پابندی لگائی گئی تو فریڈم آف ایکسپریشن کے خلاف ہو گا، عوام کو رائے دہی کا پورا حق حاصل ہے اور وہ اپنے جذبات کا اظہار کر سکتے ہیں۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں ورکرز کنونشن کر رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز پشاور میں ویمن ورکر کنونشن سے خطاب کیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 8 فروری کے عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمے دار پی ٹی آئی ہو گی، پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔