I
اسلام آباد (یوتھ میڈیا) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ہفتے کو وزیراعظم شہبازشریف کو ٹیلی فون کال پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کےلیے سعودی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور وہ پہلے غیر ملکی سربراہ حکومت ہوسکتے ہیں جو پاکستان میں نئی حکومت آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے آرہے ہیں۔ وہ رمضان کےفوری بعد پاکستان آسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ اس فون کال کے فوری بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ وہ ولی عہد کی جانب سے موصول ہونے والے اس پیغام پر بہت شکرگزار ہیں، وزیراعظم نے اپنے سعودی ولی عہد کیلیے اپنی پرخلوص خواہشات اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ انہون نے کہا کہ حکومت چین، امریکا، خلیجی ممالک اور اہم یورپی اور مشرق بعید کے ممالک سے سفارتی چینلز سے موصول ہونے والے مبارکباد اور حمایت کے پیغامات پر مطمئن ہے۔ ان ممالک نے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں موجود پیچیدگیوں پر غالب آنے کےلیے نئی حکومت کی حمایت کی جائے گی۔ ذرائع نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران موصول ہونے والے یہ اشارے بہت حوصلہ افزا ہیں کیوں کہ پاکستان اہم ممالک کے دارلحکومتوں میں اپنا روایتی اثر کھو چکا تھا۔