I
اسلام آباد سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے استعفیٰ دے دیا ہے‘اپنے استعفے میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا ہے کہ میری صحت کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی اس لئے عہدہ چھوڑدیا‘ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے تاحال سیکرٹری الیکشن کمیشن کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ‘ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں‘ سکریٹری الیکشن کمیشن واقعی علیل ہیں‘ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور کسی قسم کا کوئی بحران نہیں ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عمر حمید ایک ذہین اور محنتی آفیسر ہیں اور وہ بہت اچھے طریقے سے کمیشن کا کام کر رہے ہیں تاہم پچھلے کچھ دنوں سے ان کی صحت خراب تھی‘اس سے قبل بھی وہ میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں‘اگر صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے۔ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور اس کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر حمید خان کچھ دن تک اسپتال میں زیر علاج رہے، انہوں نے کسی دباؤ کی وجہ سے استعفیٰ نہیں دیا‘ وہ اب گھر میں زیر علاج ہیں۔